اہم قومی خبریں

اسلام آباد (اے ایم نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی کردی ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مغربی حصوں میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ 27 مارچ کو داخل ہوگا ، 27 سے 31 مارچ کے دوران پشاور، چارسدہ، نوشہرہ سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، اسی طرح مری ،گلیات ،اسلام آباد، راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف حصوں میں بھی بارش کا امکان ہے جبکہ بعض اضلاع میں چند مقامات پر جھکڑ اور ژالہ باری بھی متوقع ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان اور سندھ کے اضلاع میں بھی بارش کا امکان ہے، تیز بارش کے باعث بالائی خیبرپختونخوا، مری، گلیات کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے جس سے کھڑی فصلوں اور کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان کا اندیشہ ہے ۔



Share: