top-twin-city-unblock-06-10-2024

اہم خبر

اسلام آباد (عائشہ فداء مروت سے) اسلام آباد اور راولپنڈی میں دو روز بعد زندگی معمول پر آگئی، موبائل سروس بھی تین روز بعد بحال کر دی گئی۔

فیض آباد انٹر چینج اور ایکسپریس وے سمیت راولپنڈی اسلام آباد کو ملانے والے راستے بھی کھول دیے گئے۔

خیبر پختونخوا اور پنجاب کو ملانے والی جی ٹی روڈ، اسلام آباد پشاور ایم ون، اسلام آباد لاہور ایم ٹو موٹر وے بھی ٹریفک کے لیے کھول دیے گئے۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں کل رکھے گئے کنٹینرز ہٹا دیے گئے اور موٹر وے بھی کھول دی گئی، داخلی اور خارجی راستوں پر ٹریفک رواں دواں ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے ڈی چوک اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان کیا تھا جبکہ حکومت نے اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں غیر ملکی رہنماؤں کی آمد کے پیش نظر 17 اکتوبر تک دفعہ 144 نافذ کر رکھی ہے۔

پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر راولپنڈی اور اسلام آباد کی انتظامیہ نے جڑواں شہروں میں داخلے کے تمام راستے کنٹینر لگا کر سیل کر دیے تھے جبکہ موبائل فون سروس بھی بند اور میٹرو بس سروس معطل تھی جس کی وجہ سے عام شہریوں اور مریضوں کو شدید دشواری کا سامنا تھا۔



Share: