sports-u-31-03-2024-1
کھیل کی خبریں

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کے مارشل آرٹس کھلاڑی عرفان محسود 8 سال کے کم عرصے میں 100 گنیز ورلڈ ریکارڈز بنانے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔

اٹلی کے مارسیلو فیری کا ریکارڈ توڑ کر عرفان محسود نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کی سنچری مکمل کی، اٹلی کے مارسیلو نے پاؤں کے انگلی سے 56 کلو وزن اٹھا کر عالمی ریکارڈ بنایا تھا، عرفان محسود نے پاؤں کی انگلی سے 63 کلو وزن اٹھا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

پش اپس کیٹیگری میں عرفان محسود عالمی سطح پر سب زیادہ 46 ریکارڈز اپنے نام کر چکے ہیں، انہوں نے 100 پاؤنڈ وزن کے ساتھ 31 ریکارڈز بھی بنائے ہیں جن میں 80 پاؤنڈ، 60 پاؤنڈ اور 40 پاؤنڈ وزن کے ساتھ بنائے گئے ریکارڈز شامل ہیں۔

اسٹیپ اپس، پش اپس، جمپنگ جیکس، اسٹرائیکس، ایلبو اسٹرائیکس، ہائی جمپ، سٹار جمپس میں ورلڈ ریکارڈز بنانے والے عرفان محسود کا کہنا ہے کہ اب تک 16 ممالک کے ورلڈ ریکارڈز توڑے ہیں جن میں امریکا، برطانیہ، بھارت، چین، ناروے، جرمنی، فرانس، فن لینڈ اور دیگر ممالک شامل ہیں۔

واضح رہے کہ عرفان محسود کے 16 شاگرد بھی گنیز ورلڈ ریکارڈز بنانے میں کامیاب ہوچکے ہیں۔



Share: