جڑواں شہر

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) راولپنڈی میں پتنگ بازی و ہوائی فائرنگ روکنے والا سپیشل سکواڈ فعال نہ ہو سکا جس کے باعث شہری پتنگ بازی و ہوائی فائرنگ جیسے عذاب جھیلنے پر مجبور ہیں۔

اب پھر ضلعی انتظامیہ نے پتنگ بازی‘ ہوائی فائرنگ اور کبوتر بازی کیخلاف کریک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر آفس اجلاس میں اعلان کیا گیا کہ پتنگ بازی‘ ہوائی فائرنگ اور کبوتر بازی کرنے والے افراد کو جیلوں میں ڈالا جائیگا اورانکے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

اس سلسلے میں تمام متعلقہ ادارے عملی اقدامات کریں‘ کسی بھی افسر یا اہلکار کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مجاہد عباس نے کہا کہ پتنگ بازی‘ ہوائی فائرنگ اور کبوتر بازی پر مکمل پابندی عائد ہے۔ 25فروری کو بھی سابق کمشنر لیاقت چٹھہ نے اعلان کیا تھا کہ ضلع راولپنڈی میں پتنگ بازی و ہوائی فائرنگ سے نمٹنے کیلئے سپیشل سکواڈ قائم کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے ہوم ڈیپارٹمنٹ کو ضلع راولپنڈی میں سیکشن 144کے نفاذ کی سفارش بھی کی تھی۔



Share: