قومی

اسلام آباد (فداء اللہ مروت سے) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ایک دو سال مشکل سہی، آسودگی کا وقت ضرور آئے گا، سب کو مل کر ملک کو مشکل سے نکالنا ہو گا۔

قائد مسلم لیگ ن و سابق وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے فیصل آباد ڈویژن کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا کہ فیصل آباد میں ڈور پھرنے سے نوجوان کی ہلاکت کا بہت دکھ ہے، غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

لیگی قائد کا کہنا تھا کہ آپ کی وزیراعلیٰ آپ کے ساتھ ہے، مل کر صوبے اور ملک کیلئے کام کریں، سیاستدان، انتظامیہ اور پولیس سمیت سب کو مل کر ملک کو مشکل سے نکالنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ سب مل کر پاکستان کو دوبارہ اپنے مقام پر لائیں گے، ایک دو سال مشکل سہی، آسودگی کا وقت ضرور آئے گا، ہماری حکومت کو نہ ہٹایا جاتا تو پاکستان ترقی کی بلندیوں پر ہوتا۔

سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ قبضہ کرنے والوں نے ملک کے ساتھ جو کیا سب نے دیکھا، مسلم لیگ ہی نہیں پاکستان کے ساتھ بھی زیادتی ہوئی، ن لیگ کو اب اپنی سیاسی میراث حاصل کرنی ہے۔



Share: